آزاد کشمیر کے وزیر کھیل چوہدری سعید کو پانچ سال کیلئے نااہل قرار دیدیا گیا

آزاد کشمیر کے وزیر کھیل چوہدری سعید کو پانچ سال کیلئے نااہل قرار دیدیا گیا

مظفر آباد:مسلم لیگ ن کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا اور وزیر کھیل آزاد کشمیر چوہدری محمد سعید کو نااہل قرار دے دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے اپنے فیصلے میں چوہدری محمد سعید کو پانچ سال کے لیے نااہل قرار دیا ہے۔وزیر کھیل کے خلاف سرکاری رقبے پر ناجائز تجاوزات اور توہین عدالت کیس تھا۔اس سے قبل گزشتہ سال اکتوبر میں پاکستان کی سپریم کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ ن کے دو سینیٹرز کو نا اہل قرار دیا تھا۔

نااہل قرار دیے جانے والے سینیٹرز میں سعدیہ عباسی اور ہارون اختر شامل تھے۔ دونوں سینیٹرز کے پاس دوہری شہریت تھی جس کی بنا پر ان کو نااہل قرار دیا گیا۔عدالت نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا تھا کہ دونوں نشستوں پر دوبارہ الیکشن کرائے جائیں۔

گزشتہ سال جولائی میں ن لیگ کے اس وقت کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں 10 سال قید بامشقت سنائی گئی تھی۔اسی ریفرنس میں نواز شریف کی صاحب زادی اور ن لیگ کی موجودہ نائب صدر مریم نواز کو سات سال کی سزا سنائی گئی تھی۔