حج، عمرہ زائرین کو اپنے ملک میں ہی بائیو میٹرک کرانے کی ہدایت

حج، عمرہ زائرین کو اپنے ملک میں ہی بائیو میٹرک کرانے کی ہدایت
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد: پاکستانیوں کو حج اور عمرہ ویزا حاصل کرنے کے بعد ضروری بائیو میٹرک رجسٹریشن اپنے ملک میں ہی کرانا چاہیے تاکہ سعودی ایئرپورٹس پر پہنچنے کے بعد وقت بچایا جاسکے اور اسی کو دیکھتے ہوئے سعودی وزارت نے ایک نیا سرکلر جاری کردیا۔

 سعودی عرب کی وزارت حج اور عمرہ نے پاکستان سمیت بائیومیٹرک اندراج کرانے والے دیگر ممالک کو سرکلر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان ممالک کے زائرین کو روانگی سے قبل ہی خود کو رجسٹر کرالینا چاہیے۔

سرکلر میں کہا گیا کہ سعودی عرب آمد سے قبل بائیومیٹرک معلومات لینا ضروری ہے تاکہ وقت بچایا جاسکے اور سعودی عرب میں داخل ہونے میں آسانی ہوسکے۔

اس حوالے سے سعودی وزارت کا کہنا تھا کہ حال ہی میں سعودی عرب آنے والے کئی ہزار زائرین کا داخلہ منسوخ کرکے ایئرپورٹ سے ہی واپس بھیج دیا گیا تھا کیونکہ ویزا کا صحیح طریقہ کار نہیں اپنایا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی صورتحال سے بچنے کے لیے زائرین ملک کے حج اور عمرہ کمیٹی سے رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے صحیح ویزا کیٹیگری کے لیے درخواست دیں۔

انہوں نے کہا کہ جن افراد کے پاس نئی متعارف کیے گئے ای ویزا ہیں وہ حج اور عمرہ کرنے کے لیے سعودی عرب میں داخلے کے لیے اس کیٹیگری کو استعمال نہیں کرسکتے۔