مرغزار چڑیا گھر میں جانوروں کی آزادانہ نقل و حرکت کیلئے رقبہ کو توسیع دی جا رہی ہے،زرتاج گل

مرغزار چڑیا گھر میں جانوروں کی آزادانہ نقل و حرکت کیلئے رقبہ کو توسیع دی جا رہی ہے،زرتاج گل


 اسلام آباد :وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ مرغزار چڑیا گھر میں جانوروں کی آزادانہ نقل و حرکت کے سلسلے میں جگہ فراہم کرنے کیلئے 25 ایکڑ رقبے کو اس کے اصل 82 ایکڑ رقبہ تک توسیع کی جارہی ہے۔

چڑیا گھر کے قریب کسی بھی تجارتی یا پارکنگ کی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی ، بین الاقوامی سطح پر تجویز کردہ ایس او پیز اور جنگلی حیات کی رہائش گاہ کے معیارات کے ماحول کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ کل وقتی ویٹرنری ڈاکٹروں کی تقرری کی جائے گی۔ 

 زرتاج گل نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کی وزارت نے جنگلی حیات کی نگہداشت کے بین الاقوامی معیار کے حصول کے لئے 1.6 ارب روپے مختص کئے ہیں اور اس سلسلے میں بین الاقوامی ماہرین سے رائے بھی لی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت بنیادی طور پر ایک بین الاقوامی تنظیم فری دی وائلڈ کے ساتھ منسلک ہے جو اس مقصد کے لئے مالی معاونت فراہم کرے گی۔ وزیر مملکت نے جانوروں کی پرورش کے حوالے سے عدالت کے تاریخی احکامات کی بھی تعریف کی۔