بھارت میں کورونا متاثرین کی تعداد58 لاکھ 18 ہزار سے بڑھ گئی، 92ہزار سے زائد افراد ہلاک

بھارت میں کورونا متاثرین کی تعداد58 لاکھ 18 ہزار سے بڑھ گئی، 92ہزار سے زائد افراد ہلاک
تصویر بشکریہ ٹؤیٹر

  نئی دہلی: بھارت میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد58 لاکھ 18 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ملک بھر میں وائرس سے اب تک92 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔


جمعہ کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 970089 ہے۔ بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کے اعتبار سے دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد5818570 ہے جبکہ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے86052 نئے کیسز رپورٹ ہوئےہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید1141 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

بھارتی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد966358 ہے۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق بھارت میں مجموعی طور پر کورونا وائرس سے متاثرہ4756164 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔ بھارت میں کورونا وائرس سے سب زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹر ہے جہاں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد ساڑھے 12 لاکھ سے زیادہ ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ فعال کیسز اسی ریاست میں ہیں۔

بھارت میں ریاست مہاراشٹر کے علاوہ جو دیگر ریاستیں کورونا سے شدید متاثر ہوئی ہیں ان میں تامل ناڈو، کرناٹک، آندھرا پردیش اور اتر پردیش شامل ہیں۔ وزارت صحت کے حکام کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس سے اب تک 92317 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔