پاکستان افغان عوام کے بہتر مستقبل کیلئے فیصلوں کی مکمل حمایت کرے گا، وزیراعظم عمران خان

پاکستان افغان عوام کے بہتر مستقبل کیلئے فیصلوں کی مکمل حمایت کرے گا، وزیراعظم عمران خان
افغان قیادت کو خود ایک جامع سیاسی معاہدے کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے، وزیراعظم۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے افغان صدر اشرف غنی کو ٹیلی فون کر کے امن عمل کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔


دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس ٹیلی فونک گفتگو میں طالبان اور افغان حکومت کے مذاکرات پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مثبت کوششوں سے امریکا طالبان امن معاہدہ اور انٹرا افغان مذاکرات کا آغاز ہوا۔

وزیراعظم عمران خان نے دوحہ میں انٹرا افغان مذاکرات پر فریقین کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے جنگ بندی اور تشدد میں کمی کیلئے افغان جماعتوں کے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تمام افغان سٹیک ہولڈرز کو اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ افغان قیادت کو خود ایک جامع سیاسی معاہدے کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے افغان صدر کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان افغان عوام کے بہتر مستقبل کے لیے کیے گئے فیصلوں کی مکمل حمایت کرے گا۔ وزیراعظم نے پاک افغان تعمیری روابط، امن واستحکام سمیت افغان عوام کی خوشحالی کی اہمیت پر بات کی۔

دوران گفتگو انہوں نے بتایا کہ افغان قومی کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ اگلے ہفتے اسلام آباد آئیں گے۔ وزیراعظم نے اشرف غنی کی جانب سے دورے کی دعوت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ وہ جلد افغانستان کا دورہ کریں گے۔