جماعت اسلامی کا پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ

جماعت اسلامی کا پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ
کیپشن: جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان،فائل فوٹو

پشاور: جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہاہے کہ جماعت اسلامی نے پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت سے علیحدگی کاحتمی فیصلہ کر لیاہے۔

پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ ہم نے صوبائی حکومت سے علیحدگی کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے اور پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت میں ان کی درخواست پر مشروط طور پر شامل ہوئے تھے اور اب حکومت سے علیحدگی کے حوالے سے وزیر اعلی پرویز خٹک سے مشاورت کر لی ہے اور ممکن ہے کہ دونوں جماعتیں مشترکہ طور پر بیٹھ کر پریس کانفرنس میں شائستگی سے علیحدگی کا اعلان کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ بجٹ پاس کرانے میں حکومت کا ساتھ دیں گے جبکہ ان ہاؤس تبدیلی کی کوشش کی صورت میں بھی حکومت کے ساتھ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ اختلافات کی وجہ سے نہیں بلکہ اچھی نیت سے کیا ہے کیوں کہ ایم ایم اے کی بحالی کے بعد کے پی کے میں مخلوط حکومت سے علیحدگی وقت کا تقاضا ہے۔