مالی سال 2018-19 کا بجٹ کل قومی اسمبلی میں پیش ہوگا

مالی سال 2018-19 کا بجٹ کل قومی اسمبلی میں پیش ہوگا
فوٹو: فائل

اسلام آباد: مالی سال 19-2018 کا وفاقی بجٹ جمعے کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ بجٹ کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس جمعے کی شام 5 بجے طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کریں گے۔


ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کا بجٹ متوازن ہو گا جس میں اقتصادی استحکام و نمو پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔بجٹ سیشن کے لئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ بجٹ اجلاس سے قبل پارلیمانی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاس بھی منعقد ہوں گے۔حکومت نے بجٹ دستاویز کی تیاری کیلئے تمام شراکت داروں کے ساتھ مشاورت مکمل کر لی ہے۔ بجٹ میں حکومتی پالیسیوں کے تسلسل کی عکاسی کی جائے گی اور ان میں کوئی بڑی تبدیلی متوقع نہیں۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالہ سے تمام محکموں، وزارتوں کے ساتھ ساتھ دیگر شراکت داروں بشمول کاروباری برادری کے نمائندوں سے بھی مشاورت کی گئی ہے اور ان سے تجاویز حاصل کی گئی ہیں۔آئندہ مالی سال کے دوران قومی محصولات بڑھانے اور ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دینے کیلئے ٹیکس نظام میں مزید بہتری کیلئے اقدامات کئے جائیں گے جس سے ٹیکس دہندگان کو سہولت ہو گی۔