وزیر اعظم کا ڈی اے پی کھاد پر 1000 روپے کی سبسڈی دینے کا اعلان

وزیر اعظم کا ڈی اے پی کھاد پر 1000 روپے کی سبسڈی دینے کا اعلان
کیپشن: وزیر اعظم کا ڈی اے پی کھاد پر 1000 روپے کی سبسڈی دینے کا اعلان
سورس: file

ملتان : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خوشی ہے پنجاب حکومت نے کسانوں کے لیے انقلابی اقدام کیے، پاکستان میں اس سال گندم کی پیداوار کا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا۔کسان کارڈ پر ڈی اے پی کھاد پر 1000 روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ زرعی ادویات پر بھی سبسڈی ہوگی اسی کے ذریعے قرض بھی دیں گے۔

ملتان میں کسان کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے کسان 5 ہزار سال قدیم موہن جوداڑو کے طریقے استعمال کر رہے ہیں اس لئے ہم ریسرچ انسٹی ٹیوشن کو بہتر بنا رہے ہیں۔ 20 فیصد گندم اگر ضائع ہوتی ہے تو اربوں روپے کا نقصان ہے۔

  

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لائیو سٹاک میں ہم آٹھویں نمبر پر ہیں۔ دودھ کی پیداوار کم ہونے کی وجہ سے یہ مہنگے داموں فروخت ہوتا ہے۔ 40 ارب روپے لائیو سٹاک کیلئے مختص کیے ہیں، ایک دو سال میں تبدیلی نظر آئے گی۔ 25 کروڑ ڈالر دودھ اور پنیر کی ایکسپورٹ سے کما سکتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ کسان کارڈ کے اجرا سے ماڈرن ایگریکلچرکی طرف جا رہے ہیں۔ ہمارے دور میں کسانوں کو 5 سو ارب روپے اضافی ملے۔ دو سال میں گندم کی سپورٹ پرائس 5 سو روپے بڑھی۔ کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کو قرضے ملیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پانی کی کمی کے باعث زرعی پیداوار کم ہو جاتی ہے۔ جب فصل خراب ہوتی ہے تو کسان کے حالات خراب ہوتے ہیں۔ فصلوں کی قیمتیں گرنے پر بھی کسان کارڈ کے ذریعے ان کی مدد کریں گے۔ اس کے علاوہ 220 ارب روپے نہریں پکی کرنے پر خرچ کر رہے ہیں جبکہ دو ڈیم بنا رہے ہیں، جس سے کسانوں کو اضافی پانی ملے گی۔