وزیراعظم اور جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ کے درمیان ملاقات طے پا گئی

وزیراعظم اور جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ کے درمیان ملاقات طے پا گئی
کیپشن: وزیراعظم اور جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ کے درمیان ملاقات طے پا گئی
سورس: فائل فوٹو

لاہور: تحریک انصاف کی سینئر لیڈرشپ کی کاوشوں سے وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ کے درمیان ملاقات طے پا گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کے حامی اراکین اسمبلی منگل کے روز وزیراعظ٘م عمران خان کیساتھ ملاقات کرینگے۔ خیال رہے کہ کچھ روز قبل جہانگیر ترین کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کی جلد وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہو جائے گی اور اس سلسلے میں کوششیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان سے دیرینہ تعلق ہے اور ان کیساتھ ایسا رشتہ ہے جو کمزور نہیں ہونا چاہیے جبکہ گروپ کی جلد وزیراعظم سے ملاقات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر بے بنیاد ایف آئی آر بنائی گئی ہیں اور سول کیس کو فوجداری میں تبدیل کر دیا گیا۔ عدالت سے انصاف ضرور ملے گا اور (ن) لیگ نے اپنے دور میں مجھے ٹیکس نوٹسز بھیجے اور ہم کسی کمیٹی سے نہیں بلکہ وزیراعظم سے ملیں گے اور پورے گروپ نے کہا وزیراعظم ہماری بات سنیں اور ملاقات کریں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے جھنگ سے تحریک انصاف کے ایم این اے صاحبزاده محبوب سلطان اور ایم این اے صاحبزادہ امیر سلطان نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی اور کہا کہ جہانگیر ترین کی تحریک انصاف کے لیے گراں قدر خدمات ہیں اور ہماری تمام تر حمایت ان کے ساتھ ہے جبکہ اکٹھے مل کر پارٹی کے اندر سے جاری سازش کا مقابلہ کریں گے۔

راولپنڈی سے تحریک انصاف کے ایم پی اے عمر تنویر بٹ نے بھی جہانگیر ترین سے ملاقات کی اور کہا کہ جہانگیر ترین تحریک انصاف کے مشکل وقت کے ساتھی ہیں اور آج ان کے خلاف پارٹی کے اندر سے سازش کر کے مشکلات کھڑی کی گئیں ہیں، اس عمل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، میری تمام تر حمایت جہانگیر ترین کے ساتھ ہے۔

دوسری طرف گورنر پنجاب چوہدری سرور سے جہانگیر ترین گروپ کے اہم رہنماؤں نے ملاقات کی اور اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا، گورنر پنجاب سے ملاقات کرنے والوں میں راجا ریاض، صوبائی وزراء اجمل چیمہ اور خیال احمد کاسترو سمیت دیگر شامل ہیں۔

گورنر پنجاب نے رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی کہ آپ کے جو بھی تحفظات ہیں ان کو دور کیا جائے گا اور عمران خان سے آپ سب کی ملاقات جلد یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کروں گا۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین اپنی ہی حکومت میں خود پر لگے چینی کے حوالے سے الزامات پر نالاں ہیں اور اپنے بیانات میں کہتے آ رہے ہیں کہ میں تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہا ہوں جبکہ تحریک انصاف کے دیگر درجنوں رہنما بھی جہانگیر ترین کی نجی محفلوں میں شریک ہو رہے ہیں اور ذرائع کے مطابق تقریباً 50 کے قریب ایم پی اے اور ایم این ایز پر مشتمل ارکان نے ہم خیال گروپ بنا لیا ہے۔