پی ڈی ایم چھوڑنے والوں کو نظرثانی کا ایک اور موقع دیتے ہیں: مولانا فضل الرحمان

پی ڈی ایم چھوڑنے والوں کو نظرثانی کا ایک اور موقع دیتے ہیں: مولانا فضل الرحمان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جو لوگ پی ڈی ایم چھوڑ گئے ہیں انہیں نظر ثانی کا ایک اور موقع دیا جاتا ہے ،ان ساتھیوں کو اپنی غلطی کو تسلیم کرنی چاہئے، جلد ہی پوری قوت کیساتھ بھرپور عوامی رابطہ مہم شروع کریں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت پی ڈی ایم سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے اراکین کو مدعو نہیں کیا گیا تھا۔ اجلاس میں اسحاق ڈار، احسن اقبال اور جہانزیب جمالدینی ویڈیو لنک پر شریک ہوئے اور پی ڈی ایم کی آئندہ کی سیاسی حکمت اور ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم چھوڑنے والے مثبت لب و لہجے میں بھی بات کر سکتے ہیں، جو رویہ انہوں نے اپنایا ہے کس جمہوری انداز کی عکاسی کرتا ہے؟ پی ڈی ایم اپنی پوری قوت کے ساتھ کھڑی ہے اور کچھ ساتھی جو علیحدہ ہوئے ہیں انہیں جونظر ثانی کی اپیل کی اس پر قائم ہیں،ان ساتھیوں کو اپنی غلطی کو تسلیم کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا جلد سربراہی اجلاس بلایا جائے گا اور پوری قوت کے ساتھ بھرپور عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے گی، آئندہ اجلاس میں ماہرین سے معیشت کی بہتری کیلئے تجاویز بھی لی جائیں گی، حکومت کی جانب سے کورونا کا رونا رویا جا رہا ہے، لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے لیکن آج تک ایک پیسے کی دوائی بھی باہر سے نہیں لائی جا سکی، اس حکومت سے نجات اور خاتمہ کیلئے پرعزم ہیں۔