کورونا وباء کے باوجود جنگی بجٹ میں اضافہ ،عالمی ادارے کی رپورٹ

کورونا وباء کے باوجود جنگی بجٹ میں اضافہ ،عالمی ادارے کی رپورٹ
سورس: file photo

واشنگٹن ،کورونا وبا کے باوجود دنیا بھرمیں فوجی اخراجات میں اضافہ ہوا ہے۔ایک طرف کورونا کی وباءپھیل رہی ہے  تو دوسری طرف جنگی جنون میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔ 

اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی رپورٹ کے مطابق 2020 کے دوران فوجی اخراجات میں لگ بھگ 2 کھرب ڈالراضافہ ہوا ہے  اور اس طرح  دنیابھرمیں فوجی اخراجات2.6 فیصداضافےسے1 ہزار 981 ارب ڈالرتک پہنچ گئے ہیں۔

 آئی ایم ایف کے مطابق گزشتہ برس کورونا کی وبا کے باعث عالمی اقتصادی پیداوار (جی ڈی پی) میں 4.4فیصد کی کمی ہوئی ہے۔

 دنیا بھر میں فوجی اخراجات میں سے 62 فیصد رقوم صرف 5 ممالک امریکا، چین، بھارت، روس اور برطانیہ نے خرچ کی ہیں۔

 ان میں سے امریکا نے فوجی مقاصد کے لیے دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ رقوم خرچ کیں،امریکا نے پچھلے سال دفاعی شعبے میں جتنی رقوم خرچ کیں، وہ اس مد میں عالمی اخراجات کا تقریباً40 فیصد بنتی ہیں۔

 چین کے فوجی اخراجات میں بھی پچھلے سال مسلسل 26 ویں برس واضح اضافہ ہوا ہے اور چین اپنے فوجی بجٹ کے لحاط سے امریکا کے بعد دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے۔