پاناما کیس، نیب کی تفتیشی افسر کو عید سے قبل رپورٹ جمع کرانے کا حکم

پاناما کیس، نیب کی تفتیشی افسر کو عید سے قبل رپورٹ جمع کرانے کا حکم

اسلام آباد: نیب ہیڈ کوارٹرز نے نیب لاہور اور راولپنڈی کو پاناما کیس کی تحقیقاتی رپورٹ عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں سے قبل پیش کرنے کی ڈیڈلائن دیدی۔ نیب لاہور اور راولپنڈی انوسٹی گیشن رپورٹ تیار کر کے 31 اگست تک نیب ہیڈ کوارٹرز کے پراسیکیوشن ونگ کو ارسال کریں گے۔ نیب کے پراسیکیوشن اور آپریشن ونگ رپورٹ تیار کر کے چیئرمین نیب کو بھیجیں گے۔ رپورٹ موصول ہونے پر نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں منظوری دی جائے گی اور احتساب عدالت میں 10 ستمبر تک ریفرنسز دائر کر دئیے جائیں گے۔

اس سلسلے میں نیب راولپنڈی اور نیب لاہور کو ایف بی آر سے شریف فیملی کے ریٹرنز اور اسٹیٹ بینک سے اکاؤنٹس کی تفصیلات مل گئی ہیں۔ نیب لاہور اور راولپنڈی شریف فیملی اور دیگر کیخلاف مشترکہ انوسٹی گیشن کر رہے ہیں۔ نیب لاہور سے امجد نذیر اولکھ اور نیب راولپنڈی سے رضوان خان اس کیس پر کام کر رہے ہیں۔

شریف فیملی اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت کیس کا کوئی بھی ملزم نیب میں پیش نہیں ہوا جب کہ جے آئی ٹی ممبران میں سے بھی کوئی نیب میں پیش نہ ہوا۔ جے آئی ٹی کے ممبر عرفان منگی کا موقف ہے کہ ہم نے اپنے پاس موجود تمام تفصیلات سپریم کورٹ میں پیش کر دی ہیں۔ ادھر شریف فیملی نے موقف اختیار کیا ہے کہ ہم نے پاناما فیصلے سے متعلق سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہوئی ہے اس لئے پیش نہیں ہو سکتے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں