این اے 120 میں آخری گیند تک مقابلہ کریں گے: عمران خان

این اے 120 میں آخری گیند تک مقابلہ کریں گے: عمران خان

لاہور:تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے صوبائی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ این اے 120 میں آخری گیند تک مقابلہ کریں گے، اپنی عدالتوں کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان کے اربوں روپے چوری کر کے بیرون ملک بھجوائے گئے، ہم نے این اے 120 کے لوگوں کو جگانا ہے، نواز شریف کو اربوں روپے چوری کرنے پر نکالا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کلثوم نواز کی صحت کیلئے دعا گو ہوں لیکن وہ بھی بیرونِ ملک علاج کرانے گئیں ہیں ۔عمران خان نے کہا کہ حکومت نے ایسی سہولت کے لیے اسپتال نہیں بنائے، کینسر کے علاج کے لیے متبادل ادارے نہیں بنائے گئے، حکومت کے وزیر بار بار اسپتال پر تنقید کرتے ہیں لہٰذا سیاسی مخالفین شوکت خانم پر الزامات نہ لگائیں کیونکہ حکومت الزام نہیں لگاتی ایکشن لیتی ہے، اگر کوئی مسئلہ ہے تو تحقیقات کی جائیں۔

چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو جو سہولت فراہم کی جارہی ہے اسے سیاسی بنایا جارہا ہے، ایل ڈی اے اسپتال کے کام میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے، یہ خیراتی اسپتال ہے کوئی شوگر مل نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت میں اس طرح کی حرکتیں کرنے والے عوام دشمن اور مافیا ہیں، حکومت میں لوگوں کی خدمت کرنے والوں کو سہولتیں دینی چاہئیں نہ کہ ان کے کاموں میں رکاوٹیں ڈالی جائیں۔انہوں نے کہا کہ این اے 120 کے ووٹرز کا امتحان ہے، پتہ چلے گا کون عدالت اور کون مجرم کیساتھ کھڑا ہے، این اے 120 کا الیکشن فیصلہ کن ہے، این اے 120 کے لوگوں نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کیسا پاکستان چاہتے ہیں۔