پی ٹی آئی کی شبلی فراز کے سینیٹ میں قائد ایوان اور ن لیگ کے راجہ ظفر الحق اپوزیشن لیڈر نامزد

پی ٹی آئی کی شبلی فراز کے سینیٹ میں قائد ایوان اور ن لیگ کے راجہ ظفر الحق اپوزیشن لیڈر نامزد
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فرازکے سینیٹ میں بطور قائدایوان تقررکاباضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جبکہ شیری رحمان سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرکے عہدے سے فارغ ہو گئی اور ان کی جگہ راجہ ظفر الحق کو قائد حزب اختلاف کے لئے نامزد کردیا گیا ہے۔


تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے شبلی فراز کو سینیٹ میں قائد ایوان نامزدکیا تھا جس کے بعد سینیٹ سیکریٹریٹ نے شبلی فرازکے تقررکاباضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا جبکہ شیری رحمان کے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرکے عہدے سے فارغ ہونے پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے راجہ ظفرالحق کواپوزیشن لیڈرمقررکرتے ہوئے ان کے تقررکا بھی نوٹیفکیشن جاری کردیا۔


خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قائد ایوان کے لیے نامزد سینیٹر شبلی فراز کا تعلق تحریک انصاف سے ہے اور وہ معروف شاعر احمد فراز مرحوم کے صاحبزادے ہیں، شبلی فراز مارچ 2015 میں جنرل نشست پر سینیٹر منتخب ہوئے۔