وزیراعظم کی جانب سے امیر محمد خان جوگیزئی کو گورنر بلوچستان بنانے کی تردید کردی گئی

وزیراعظم کی جانب سے امیر محمد خان جوگیزئی کو گورنر بلوچستان بنانے کی تردید کردی گئی
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد:دل کے ارماں ، دل میں ہی رہ گئے کیونکہ امیر محمد خان جوگیزئی کو گورنر بلوچستان بنانے کی ترجمان وزیراعظم ہاؤس نے تردید کردی۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز تحریک انصاف میڈیا سیل نے امیر محمد خان جوگیزئی کو گورنر بلوچستان نامزد کرنے کی تصدیق کی ،لیکن نیب زدگی کی اطلاعات کے بعد یوٹرن لے لیا ۔

وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے گورنر بلوچستان کیلئے امیر محمد خان جوگیزئی محض نام آیا ،یہ تجویز تھی ، کوئی حتمی فیصلہ نہیں تھا ،جس پر بعض شواہد کے باعث پیشرفت روک دی گئی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعظم عمران خان آج گورنر بلوچستان کیلئے مشاورت کریں گے۔

خیال رہے کہ امیر محمد خان جوگیزئی وضاحتیں دیتے رہ گئے ،پی ٹی آئی حکومت نے انہیں گورنر بلوچستان لگا نے کی تردید کردی۔ اس سے قبل امیر محمد خان جوگیزئی نے اپنے ویڈیو پیغام میں وضاحت کی تھی کہ نیب کلیئرنس تک حلف نہ اٹھانے کی بات کی ،گورنر بلوچستان بننے سے انکار نہیں کیا ۔