کشمیرپالیسی پرفیصلہ کن موڑ آ    گیا ہے، وزیر اعظم کا قوم سے خطاب

 کشمیرپالیسی پرفیصلہ کن موڑ آ    گیا ہے، وزیر اعظم کا قوم سے خطاب
کیپشن: Image Source: GoP Twitter Account

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیرپالیسی پرفیصلہ کن موڑ آ      گیا ہے، پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے جس کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں ۔کشمیریوں کو کسی بھی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ 

 

تفصیلات کے مطابق ، وزیر اعظم نے قوم سے خطاب میں کہا کہ جب حکومت سنبھالی توکوشش کی کہ بھارت سمیت سب کے ساتھ دوستی کریں،  بھارت میں بھی بےروزگاری سمیت دیگرمسائل ہیں جن کو مل کر حل کرنا چاہیے ، اپنے پہلے خطاب میں بھارت کوکہا تھا کہ اگر آپ ایک قدم بڑھائیں گے  ہم دوقدم بڑھائیں گے۔ پاکستان اوربھارت کے مسائل ایک جیسے ہیں۔

 

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ  بھارت نے ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کوبلیک لسٹ کرانے کی کوشش کی، افغانستان میں  امن کی کوشش کافی تیزی سے جاری ہے ، وہاں ہم امن کیطرف بڑھ رہے ہیں۔

 

عمران خان نے کہا کہ بھارت نے اپنے آئین کی خلاف ورزی کی اور سیکولرازم کا نظریہ ختم کردیا، بھارت نے کشمیر میں اضافی فوج بھجوای اور کشمیر کو بھارت کاحصہ بنا دیا، بھار ت نے کشمیر کو اپناحصہ بنا کر عالمی اداروں کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی۔

 

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم آرایس ایس کا لائف ممبر ہے، آر ایس ایس کا نظریہ ہے کہ بھارت صرف ہندوؤں کا ہے، مودی کہتا ہے ہندوستان صرف ہندووں کاہےباقی سب دوسرے درجےکےشہری ہیں۔ بھارت نے 5 اگست کو پیغام دیاکہ بھارت صرف ہندوؤں کا ہے۔

 

 

انہوں نے کہا کہ ہمیں اطلاع مل چکی تھی کہ بھارت آزاد کشمیر پر حملہ کرنا چاہتا ہے تاکہ کشمیر میں ہونے والے مظالم سے دنیا کی وجہ ہٹا سکے۔  انسانی حقوق کی تنظیموں نے کشمیریوں کے حق میں مظاہرے کیے ، مودی کے اقدامات کے بعد ہم نے یک دم مسئلہ کشمیر کو عالمی ایشو بنادیا ۔

 

عمران خان نے کہا کہ کشمیر کا سفیر بن کر  دنیا کے مختلف ممالک کوکشمیرکی صورت حال سے آگاہ کروں گا اور دنیا بھرکے میڈیا میں کشمیرکا معاملہ اٹھاؤں گا،

 

وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، اگربعض مسلمان حکومتیں کسی مجبوری یا تجارت کی وجہ سے ساتھ نہیں توآیندہ ہونگی، ہم دنیاکوبتائیں گےکہ مقبوضہ کشمیرمیں 80 لاکھ لوگوں کیساتھ کتنا ظلم ہورہا ہے، میں ذمے داری لیتا ہوں کہ کشمیرکے مسئلے کوہر سطح پر اٹھاؤں گا۔

 

عمران خان نے کہا کہ ہمیں ایک ہوکرکشمیریوں کوپیغام دینا چاہیے کہ ہم ان کے ساتھ ہیں اور دنیا کو پیغام دینا ہے کہ پاکستان کی عوام اور حکومت کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں، ہر ہفتے کو ساری قوم کشمیریوں کیلیے نکلے گی ، آدھا گھنٹا کشمیریوں کیلیے وقف کرناہوگا۔