افغانستان سے کسی نے پاکستان میں مداخلت کی کوشش کی تو اسے روکیں گے: ترجمان طالبان

افغانستان سے کسی نے پاکستان میں مداخلت کی کوشش کی تو اسے روکیں گے: ترجمان طالبان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کابل: افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں کوئی مداخلت نہیں کرتا اور کابل فتح کرنے میں پاکستان کا کوئی کردار نہیں جبکہ افغانستان سے پاکستان میں مداخلت کی کوشش کی گئی تو اسے روکیں گے۔ 
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ افغانستان کے عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، بھارت کو مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر مثبت رویہ اختیار کرنا چاہئے اور اسے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینا ہو گا، بھارت سمیت کسی ملک کو افغانستان کی داخلی پالیسی میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔ 
ترجمان طالبان نے کہا کہ ہمیں نہیں لگتا اب کوئی پاکستان مخالف تنظیم افغانستان میں ہے جبکہ داعش بھی ختم ہو چکی ہے اور افغانستان میں اس کا کوئی وجود نہیں رہا، اگر کسی تنظیم نے افغانستان کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں مداخلت کی کوشش کی تو اسے روکیں گے۔ 
ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں کسی بھی طرح کی مداخلت نہیں کرتا مگر سویت دور سے اس کے خلاف پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، ہم نے کابل اپنے زور بازو سے فتح کیا ہے اور طالبان کے کابل فتح کرنے میں بھی پاکستان کا کوئی کردار نہیں ہے۔ 
ترجمان طالبان نے پاکستان کیساتھ دوستانہ سفارتی اور اقتصادی تعلقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے تعلقات کی بنیاد پراپیگنڈے پر نہیں بلکہ حقائق پر ہو گی، اس کے علاوہ ہم دنیا سے بھی اصولوں کی بنیاد پر تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں۔