انگلش باؤلرز نے بھارتی بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑا دیں، پوری ٹیم 78 رنز پر آؤٹ

انگلش باؤلرز نے بھارتی بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑا دیں، پوری ٹیم 78 رنز پر آؤٹ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لیڈز: بھارت اور انگلینڈ کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انگلش باؤلرز نے بھارتی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا اور پوری ٹیم صرف 78 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 120 رنز بنا کر بھارت کے خلاف 42 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔ 
ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلے جا رہے میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا اور پوری ٹیم 78 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ کپتان ویرات کوہلی سمیت 9 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے اور روہت شرما 19 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ 
دیگر کھلاڑیوں میں کے ایل راہول صفر، چتیشور پجارا 1، ویرات کوہلی 7، اجنکیا ریحانے 18، رشبھ پنت 2، رویندرا جدیجہ 4، محمد شامی صفر، ایشانت شرما 8، جسپریت بمرا صفر اور محمد سراج 3 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 اوورز میں 6 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور کریگ اوورٹن نے 10.4 اوورز میں 14 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اولی روبنسن اور سیم کیورین نے 2,2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 
بھارت کی پہلی اننگز کے 78 رنز کے جواب میں انگلینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 120 رنز بنا کر 42 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔ انگلینڈ کے روری برنز 52 رنز اور حسیب حمید 60 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔