وزیراعظم سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈبلیو ایف پی کی ملاقات، افغانستان کی صورتحال پر بات چیت  

وزیراعظم سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈبلیو ایف پی کی ملاقات، افغانستان کی صورتحال پر بات چیت  

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ خوراک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈیوڈ ایم بیسلے نے ملاقات کی جس میں افغان عوام کی مدد اور انھیں سہولیات کی فراہمی کے طریقہ کار پر بات کی گئی۔

وزیراعظم نے عالمی ادارہ خوراک کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہنگامی حالات میں بین الاقوامی انسانی ہمدردی کے اداروں کو خوراک کی معاونت فراہم کرنے اور دنیا بھر میں مختلف ملکوں میں خوراک اور غذائی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے خدمات سرانجام دے رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی ادارہ خوراک کے مختلف منصوبوں سے مستفید ہوتا رہا ہے۔ پاکستان عالمی ادارہ خوراک کے ساتھ شراکت داری کی قدر کرتا ہے۔ وزیراعظم اور عالمی ادارہ خوراک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے درمیان ملاقات میں افغانستان میں پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے افغانستان میں جامع حکومت کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو افغانستان کے ساتھ مثبت تعلقات قائم کرنے چاہییں جس کے نتیجے میں افغانستان میں کسی بھی انسانی المیہ سے بچا جاسکتا ہے اور ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

عالمی ادارہ خوراک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کی جانب سے افغانستان میں خوراک کی معاونت کے لئے پاکستان کے سہولتی کردار پراظہار تشکر کیا۔ انہوں نے افغانستان کے عوام کو انسانی ہمدردی کے تحت معاونت جاری رکھنے کے طریقوں پر وزیراعظم سے تبادلہ خیال کیا۔