سروسز ہسپتال میں گٹر ابلنے لگے، ڈاکٹروں کا شدید احتجاج، معاملہ فوری حل کرنے کا مطالبہ  

Gutters started boiling in Services Hospital, doctors protested, demanding immediate solution to the issue
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: (رپورٹ: محسن اعوان) سروسز ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے) نے سہولیات کی عدم فراہمی اور سیوریج کے ناکارہ نظام کیخلاف شدید احتجاج کیا ہے۔

بڑی تعداد میں ڈاکٹرز ہسپتال کے مسائل سے متعلق احتجاج میں شریک ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سروسز ہسپتال کی بچہ ایمرجنسی میں گٹر کا گندہ پانی ابل رہا ہے، سیوریج کے گندے پانی سے مختلف بیماریاں پھیل رہی ہیں، اس کے علاوہ ہسپتال میں ادویات ناپید ہیں، اربوں کا بجٹ کہاں غائب ہو جاتا ہے، ہسپتال میں ڈاکٹروں کی شدید قلت ہے جبکہ ڈاکٹرز ہوسٹل خواتین ڈاکٹر ہاسٹل کی حالت انتہائی خستہ ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ سروسز ہسپتال میں ادویات، سٹریچر، ویل چیئرز اور بیڈز کی کمی انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سینکڑوں میڈیکل کے طلبہ اور ڈاکٹرز عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہو رہے ہیں لیکن ان کی صحت بارے کوئی توجہ نہیں دی جاتی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال انتظامیہ خواب غفلت میں مبتلا ہے۔ ہسپتال ایمرجنسی میں کورونا کے مریضوں کی بھرمار ہے لیکن یہاں ڈاکٹروں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

مظاہرین نے کہا کہ خون کے انتہائی اہم ٹیسٹ کرنے والی مشینری خراب ہے۔ ہسپتال میں ایکسرے کیلئے فلمز غائب ہیں، مریض رل رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ان معاملات کا نوٹس لیتے ہوئے انھیں فوری حل کرائے ورنہ احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کر دیا جائے گا۔