ترکی اور پاکستان کا سلطان صلاح الدین ایوبی پر مشترکہ ڈرامہ سیریز بنانے کا فیصلہ  

Turkey and Pakistan decide to make a joint drama series on Sultan Salahuddin Ayubi
کیپشن: فائل فوٹو

استنبول: ثقافتی اور تاریخی شہر استنبول میں پاکستان اور ترکی نے مشترکہ طور پر عالمِ اسلام کی عظیم شخصیت "سلطان صلاح الدین ایوبی" کی زندگی پر ڈرامہ سیریز بنانے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

اس سلسلے میں استنبول کے ایک فائیو ستار ہوٹل میں منعقد ہونے والی تقریب میں ترکی اور پاکستان کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔

یہ معاہدہ پاکستان کی انصاری اینڈ شاہ فلمز اور ترکی کی ایمرے کونک کی عقلی فلمز کے درمیان طے پایا ہے۔ معاہدے کی اس تقریب کی ترکی اور پاکستان کے نشریاتی اور اشاعتی اداروں نے بڑے پیمانے پر کوریج کی۔

خیال رہے کہ عقلی فلمز اس سے قبل ترکی کی مشہور ڈرامہ سیریز "یونس ایمرے" بیوک سیلچوق" اور " پایہ تخت عبدالحمید" کی وجہ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچ چکی ہے۔

عقلی فلمز کے پرڈیوسر کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ ایک ایسی ڈرامہ سیریز ہے جس کے بارے میں عالمِ اسلام بڑی شدت سے منتظر تھا اور ڈرامہ سیریز میں سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی جائے گی اور دنیا میں مذہب اسلام کے بارے میں جو غلط تاثر پایا جاتا ہے اس ڈرامہ سیریل کے ذریعے اسے دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

اس موقع پر انصاری فلمز کے پروڈیوسر ڈاکٹر کاشف انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترک ڈرامہ سیریز نے دنیا بھر میں اپنی دھاک بٹھا رکھی ہے انھیں بے حد پسند کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے ترک پروڈیوسروں کی خدمات سے استفاہ کرتے ہوئے ایک ایسی ڈرامہ سیریز بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ہماری موجود نسل اور آنے والی نسل فخر محسوس کر سکے، ہم یہ بتا سکیں کہ اسلام کی روح کے ساتھ ہماری ماضی کے حکمرانوں نے تمام انسانیت کے دلوں پر حکمرانی کی تھی۔

اس موقع پر شاہ فلمز کے پروڈیوسر ڈاکٹر جنید علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسی ڈرامہ سیریز ہو گی جس کی جانب لوگ خود بخود ہی کھینچے چلے آئیں گے۔ یہ ڈرامہ سیریز ناصرف ترکی اور پاکستان کی ثقافت کو ایک دوسرے کے قریب لائے گی بلکہ اس سے عالمِ اسلام کی سچی ثقافت کو بھی دنیا بھر میں پیش کیا جائے گا تاکہ عالمِ اسلام کے خلاف دہشت گردی اور اسلامو فوبیا کی جس فضا کو پروان چڑھایا جا رہا ہے، اسے دور کرنے میں مدد ملے اور دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کے ساتھ ساتھ عالمِ اسلام کی سچی تصویر کشی کی جاسکے۔