وزیراعظم عمران خان نے رمیز راجہ کی بطور چیئرمین پی سی بی تقرری کی منظوری دے دی

وزیراعظم عمران خان نے رمیز راجہ کی بطور چیئرمین پی سی بی تقرری کی منظوری دے دی
سورس: file photo

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) تقرری کی منظوری دیدی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم آفس نے رمیز راجہ کو فون کر کے چیئرمین پی سی بی بنائے جانے کی اطلاع دی۔ 

سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ نے چیئرمین پی سی بی تقرر کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی سی بی بننا میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے۔

سابق کپتان قومی ٹیم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے اعتماد پر شکر گزار ہوں، مجھے عوام کی سپورٹ اور دعاؤں کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ ایک غیر ملکی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ میں نے پی سی بی چیئرمین کا عہدہ قبول کرلیا ہے اور  بہتری کا حصول میرا ہدف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کرکٹ میں جو بھی بہتری کے لئے کرنا پڑا وہ کیا جائے گا ۔ رمیز راجہ نے کہا کہ  میں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں بھی پاکستان کرکٹ کو آگے لے کر جانے کے لئے روڈ میپ پر بات کی تھی ۔ ہم نے باہمی طورپر پاکستان کی کرکٹ کی بہتر ی کے لئے کافی تفصیل سے بات کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ انہوں نے مجھے کرکٹ کی بہتری کے لئے میری تجاویز مانگی تھیں ۔ وزیراعظم عمران خان کرکٹ کی بہتری کے لئے بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں ۔