وزیر خارجہ 4 ملکی دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

وزیر خارجہ 4 ملکی دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد :وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی چار ملکی دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ اپنے چار ملکی دورے کے آخری مرحلے میں وہ ایران پہنچے تھے ۔ ایران کے مھرآباد ہوائی اڈے پر پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی اور وزارت خارجہ ایران کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کو الوداع کہا۔

نیو نیوز کے مطابق وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور متفقہ لائحہ عمل کی تشکیل کیلئے چار ملکی دورہ کیا۔

وزیر خارجہ نے تاجکستان ،ازبکستان ، ترکمانستان اور ایران کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں اور انہیں علاقائی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا.

وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ افغانستان میں قیام امن نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے سودمند ثابت ہو گا ۔ علاقائی ممالک کی قیادت نے وزیر خارجہ کے اس بروقت دورے کو سراہا۔