اس وقت سیاست کی نہیں متاثرین کی خدمت کی ضرورت ہے: بلاول بھٹو

اس وقت سیاست کی نہیں متاثرین کی خدمت کی ضرورت ہے: بلاول بھٹو

کراچی: وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ملک بھر میں سیلاب اور بارشوں سے ہونے والا نقصان قوم کیلئے امتحان ہے ، اس وقت سیاست کی نہیں متاثرین کی خدمت کی ضرورت ہے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ متاثرین کو جتنی امداد دی جائے گی اسے ویلکم کریں گے ۔ متاثرین کیلئے خیموں کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر متاثرین کی بھرپور مدد کر رہی ہے ۔ مخیر حضرات سے بھی اپیل ہے کہ وہ متاثرین کی مدد کیلئے بھرپور مدد فراہم کریں ۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم کو سکھر بیراج کا دورہ بھی کرائیں گے اور وہاں ہونے والے نقصانات دکھائیں گے ۔ فصلوں ، گھروں اور مال مویشیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ سندھ کی تاریخ میں اس سے زیادہ نقصان والا سیلاب نہیں آیا ۔

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں وزیراعظم کے دورہ پر ان کے شکر گزار ہیں ۔ قوم سے اپیل ہے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے آگے بڑھیں ۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ امید ہے وفاق کے ساتھ مل کر مشکلات پر قابو پالیں گے ، اس وقت ٹینٹ اور دیگر اشیا کی ہمیں اشد ضرورت ہے ۔

واضح رہے کہ سندھ میں سیلاب سے زندگی مفلوج ہو گئی جبکہ سینکڑوں دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے ۔ آج مزید 10 افراد جاں بحق ہو گئے ، جانی و مالی نقصان اندازے سے کہیں زیادہ ہے ۔ سیلاب کے باعث مورو میں بھی ہولناک تباہی ، متاثرین تاحال حکومتی امداد کے منتظر ہیں ۔

گھوٹکی اور مضافاتی دیہات میں سیلاب متاثرین سڑکوں پر رہنے پر مجبور ، سیلاب متاثرین کیلئے اشیائے خورونوش کی شدید قلت ، تنگوانی کے سیلاب متاثرہ علاقے میں 7 سال کی بچی بھوک اور پیاس کے باعث جاں بحق ہو گئی ۔ غذائی قلت کے باعث نیا انسانی المیہ جنم لینے لگا ، بچے دودھ کیلئے ترس گئے ۔

مصنف کے بارے میں