تباہ شدہ روسی طیارے اور لاشوں کی تلاش کا کام بڑے پیمانے جاری

تباہ شدہ روسی طیارے اور لاشوں کی تلاش کا کام بڑے پیمانے جاری

روسی شہر سوچی کے ساحلی علاقے پر روس کی وزات دفاع کا طیارہ گر کر تباہ،خدشہ ہے کہ طیارے میں سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے، اب ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کی تلاش کا کام بڑے پیمانے جاری ہے ،اس طیارے میں 92 افراد سوار تھے۔
سرچ آپریشن میں 3000 افراد شریک ہیں۔ سوچی کے ساحل کے قریب جاری اس آپریشن میں 109 غوطہ خور، بحری جہاز، ہوائی جہاز اور ہیلی کاپٹر حصہ لے رہے ہیں۔وزارتِ دفاع کے مطابق Tu-154 طیارے پر عملے کے ارکان، فوجی اہلکار، ایک فوجی میوزک بینڈ اور صحافی سوار تھے اور یہ شام کی جانب پرواز کر رہا تھا۔اتوار کو پیش آنے والے اس حادثے کے بارے میں خدشہ ہے کہ اس میں تمام افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
پیر کو روس میں قومی سطح پر سوگ منایا جا رہا ہے۔اتوار کی شب گئے وزارت دفاع کے ترجمان میجر جنرل اگور کونشنکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ اندھیرا ہونے کے باوجود جائے وقوعہ پر تلاش کا کام تسلسل سے جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ طیارے کے ملبے کی تلاش کے لیے سرچ ٹیمیں طاقتور سپاٹ لائٹس کا استعمال کر رہی ہیں۔
اس سے قبل حکام کا کہنا تھا کہ اس کی توجہ ساحل کے قریب ساڑھے دس مربع کلومیٹر کا علاقہ ہے۔وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ انھیں ساحل سے ڈیڑھ کلومیٹر کے فاصلے پر جہاز کے ملبے کے کچھ ٹکڑے ملے ہیں جبکہ اب تک 11 لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔مقامی وقت کے مطابق صبح پانچ بج کر 25 منٹ پر سوچی سے اڑان بھرنے کے دو منٹ بعد طیارے کا رابطہ ریڈار سے منقطع ہو گیا تھا۔