ایئر چیف نے بھولاری ایئر بیس کا افتتاح کر دیا

ایئر چیف نے بھولاری ایئر بیس کا افتتاح کر دیا

کراچی: ترجمان پاکستان ایئر فورس کے مطابق قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی جس میں کراچی کے قریب پی اے ایف کے نئے آپریشنل بھولاری ایئر بیس کا افتتاح کر دیا گیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان تقریب کے مہمان خصوصی تھے اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر 4 ایف سولہ طیاروں نے مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے فلائی پاس کیا جب کہ بیس کمانڈر نے شرکا کو انفرا اسٹرکچر اور مختلف سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان کا کہنا تھا کہ بھولاری بیس ایک اسٹریٹجک اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اور بھولاری بیس سے پی اے ایف کی زمین پر اور سمندر میں صلاحیت بڑھانے میں مدد ملے گی۔ بیس کے قیام سے پی اے ایف پاک فوج کے زمینی آپریشنز کی مؤثر انداز میں مدد کر سکے گی۔ پاک نیوی کے آپریشنز کے حوالے سے بھی یہ ایئر بیس معاون ثابت ہو گا۔

ایئر چیف کا کہنا تھا کہ بھولاری ایئر بیس ملک کے فضائی دفاع کے علاوہ سی پیک منصوبوں کے تحفظ کے لیے بھی کلیدی کردار ادا کرے گا اور اس سے علاقے کی ترقی، صحت و تعلیم کے شعبوں میں خدمات اورمقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں