جہاں بچوں کی صحت کا مسئلہ ہو گا وہاں جاؤں گا، چیف جسٹس پاکستان

جہاں بچوں کی صحت کا مسئلہ ہو گا وہاں جاؤں گا، چیف جسٹس پاکستان

لاہور: سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں نجی میڈیکل کالج کی فیسوں میں اضافے کے خلاف درخواست کی سماعت چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ کر رہا ہے۔ سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس پاکستان نے تمام نجی میڈیکل کالجز کی تفصیلات اور اسٹرکچر طلب کر لیا۔ عدالت نے فیسوں میں اضافے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نجی میڈیکل کالجز کے مالکان کے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات فراہم کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ صاف پانی کیس بھی اسی کیس کے ساتھ سنا جائے گا اور صاف پانی منصوبے میں ساڑھے 3 کروڑ کی گاڑی خریدی گئی۔

ایڈووکیٹ جنرل تفصیلات فراہم کریں اور ہو سکے تو وہ گاڑی یہاں بلوا لیں۔ چیف جسٹس پاکستان نے ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ عدالت کو آگاہ کیا جائے کیسی گاڑی خریدی گئی۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ذاتی نمائش کے لیے نہیں بلکہ جذبے کے لیے کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔ عوامی مفاد کے کیس کی سماعت ہفتے اور اتوار کو بھی ہو گی۔

جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ چھتوں اور گیراجوں میں کالج بنا کر چلائے جا رہے ہیں بتایا جائے میڈیکل کالج کا اسٹرکچر کیا ہے۔ ہم ڈاکٹر پیدا کر رہے ہیں لیکن ہمیں نہیں پتا کہ ہمارا ٹول ٹھیک ہے کہ نہیں۔ معزز جج کا کہنا تھا کہ میو اسپتال کا دورہ کیا تو تنقید کی گئی اور جہاں بچوں کی صحت کا مسئلہ ہو گا وہاں جاؤں گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں