فاٹا اصلاحات کے علاوہ حکومت کے پاس کوئی آپشن نہیں، سینیٹر سراج الحق

فاٹا اصلاحات کے علاوہ حکومت کے پاس کوئی آپشن نہیں، سینیٹر سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت ہر کام کریڈٹ کے لیے کرتی ہے، کوئی کام عوام کے لیے بھی کر لے۔ فاٹا اصلاحات کے علاوہ حکومت کے پاس کوئی آپشن نہیں لہٰذا حکومت جلد از جلد یہ آپشن استعمال کرے کیونکہ حکومت کے پاس اب زیادہ وقت نہیں رہا۔ ایف سی آر کے ظالمانہ قانون کا خاتمہ اور فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے مطالبے کو اپنے مزید التوا میں نہیں ڈالا جاسکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بارہ روزہ دورے پر لندن روانگی سے قبل لاہور ایئر پورٹ پر کارکنوں سے گفتگو   کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان محمد اصغر بھی موجود تھے۔حکومت کے پاس فاٹا کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا   کرنے، فاٹا سے ایف سی آر کے کالے اور ظالمانہ قانون کے خاتمہ اور فاٹا  کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کے علاوہ دوسرا   کوئی حل نہیں اور اگر کوئی غیر منطقی حل ٹھونسنے  کی کوشش کی گئی تو فاٹا کے عوام اسے قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا  کہ حکومت کو فاٹا کےعوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنا چاہیے اور  31 دسمبر سے قبل فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کا بل اسمبلی سے پاس کروانا چاہیے کیونکہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے جس کا اس نے نہ صرف قبائلی عوام بلکہ قوم سے وعدہ کر رکھاہے۔

انہوں نے کہا  کہ سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد ہی اس مسئلے کا واحد حل ہے ۔ حکومت بلاوجہ ان سفارشات پر عملدرآمد کروانے سے کترا  رہی ہے۔ غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے تحفے حکمرانوں کے ہیں۔ حکمران ملکی وسائل پر صرف اپنا حق سمجھتے ہیں، عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ  لاد  کر اور ظالمانہ بلوں سے دولت اکٹھی کر کے حکمران اپنے عیش و عشرت پر خرچ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ لاکھوں نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں تھامے نوکریوں کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں مگر انہیں نوکریاں ملتی ہیں نہ گزارہ الائونس دیا جاتاہے ۔ انہوں نے کہا  کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی زراعت اور صنعت زبوں حالی کا شکار ہیں ۔ بھارت پاکستانی دریائوں پر بند باندھ کر پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کر رہاہے اور ہمارے حکمران آئے روز بھارت کو خوش کرنے کے بہانے تلاش کرتے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بھارت پاکستان کو آبی دہشتگردی کا نشانہ بناکر بنجر کرنے پر تلاہواہے ۔ ڈیموں میں پانی کی کمی کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کے بھوت نے صنعتوں کو تباہ کردیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب تک نااہل اور کرپٹ لوگ اقتدار کے ایوانوں میں موجود ہیں، قوم کی قسمت نہیں بدل سکتی۔ عوام کو اپنے اوپر ہونے والے مظالم کا حساب لینے کے لیے خود اٹھنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں عوام ظالم جاگیرداروں اور بے رحم سرمایہ داروں سے نجات کے لیے دیانتدار اور اہل قیادت کا انتخاب کریں۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک کامیاب ہو  کر رہے گی، کرپٹ قیادت کو اقتدار کے ایوانوں سے نکال کر جیلوں میں بند کیا جائے گا اور ان سے قومی خزانے سے لوٹی گئی دولت واپس لے کر تعلیم، صحت اور نوجوانوں کو روزگار دینے پر خرچ کی جائے گی ۔

مصنف کے بارے میں