جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم 181 رنز پر ڈھیر

جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم 181 رنز پر ڈھیر
کیپشن: فوٹو بشکریہ آئی سی سی ٹوئٹر

سنچورین :کپتان سرفراز احمد کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ غلط ثابت ہوا اور پاکستانی بلے باز ہمیشہ کی طرح آج بھی افریقی باؤلرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور پوری ٹیم 181 رنز بنا کر پویلین کی جانب لوٹ گئی ۔

تفصیلات کے مطابق سنچورین میں ساؤتھ افریقہ کیخلاف کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ جو کہ غلط ثابت ہوا اور پوری ٹیم رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی ۔ اوپنر امام الحق کھاتے کھولے بغیر آؤٹ ہوئے اور ساتھی اوپنر فخر زمان بھی وکٹ پر تھوڑی دیر کے مہمان ثابت ہوئے اور 12 رنز بنا کر ڈیل اسٹین کا نشانہ بنے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شان مسعود تھے جنہوں نے 19 رنز بنائے اور اولیور کی گیند پر آؤٹ ہو گئے

چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اسد شفیق تھے جنہوں نے صرف 7 رنز بنائے اور ایک بار پھر اولیور کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین کو چلتے بنے ۔اظہر علی کا ساتھ دینے کیلئے وکٹ پر بابر اعظم آئے لیکن اظہر علی ہی آؤٹ یو گئے انہوں نے 36 رنز بنائے ۔چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان سرفراز احمد بھی اسکورر کو زحمت دیے بغیر پویلین لوٹ گئے ۔

ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد عامر تھے جو 1 رنز بنا کر اولیور کی گیند پر بولڈ ہو گئے ۔ یاسر شاہ بھی زیادہ دیر وکٹ ہر ٹک نہ سکے اور انہوں نے صرف 4 رنز بنائے اور ربادا کی گیند پر آؤٹ ہو گئے ۔نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جنہوں نے 90 کے اسٹرائیک ریٹ کیساتھ 71 رنز بنائے اور ربادا کی گیند پر آؤٹ ہوئے ۔آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی تھے جو کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے جبکہ حسن علی 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے پاکستان کیخلاف اپنا  پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے اولیور نے6 ، کگیسو ربادا نے 3 جبکہ ڈیل اسٹین نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ قومی ٹیم کے پاس ٹیسٹ سیریز جیت کر رینکنگ میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے کا موقع موجود ہے ۔دونوں ٹیمیں اب تک 23 ٹیسٹ میچز کھیل چکی ہیں جن میں چار میچز میں پاکستان جبکہ 12 میچز میں جنوبی افریقہ کامیاب رہا ہے جبکہ سات میچز ڈرا ہوئے ہیں۔