آج پروین شاکر کی 26 ویں برسی منائی جارہی ہے

آج پروین شاکر کی 26 ویں برسی منائی جارہی ہے

لاہور: پاکستان کی معروف ترین شاعرہ پروین شاکر کی آج 26 ویں برسی منائی جارہی ہے ،  پروین شاکر کے چاہنے والوں نے اس اہم موقع پر مشاعروں کا اہتمام کیا ہے ، اور سوشل میڈٰیا پر پروین شاکر کے اشعار اور غزلیں شئیر بھی کی جارہی ہیں ۔

محبتوں اور خوشبوؤں کو شعروں میں ایک خاص انداز کے ساتھ ڈھالنے والی شاعرہ پروین شاکر 24 نومبر 1952 کو کراچی میں پیدا ہوئی تھی ۔ 

پروین شاکر نے کم عمری میں ہی شاعری میں قدم رکھ دیا تھا، پروین شاکر کے والد کا نام سید شکار حسین تھا ، جبکہ ان کے نانا حسن عسکری نے انہیں ادبی دنیا میں متعارف کروایا تھا ، 

پروین شاکر کی خوش قسمتی تھی کہ شاعری کی دنیا میں قدم رکھتے ہیں انہیں احمد ندیم قاسمی جیسے نامور ادیپ کی سرپرستی نصیب ہوئی ، ان کی معروف کتابوں میں خوشبو، صد برگ، خود کلامی ، ماہ تمام شامل ہیں ، پروین شاکر تعلیمی دور کے اوائل سے ہی اردو مباحثوں اور مختلف علمی و ادبی پروگراموں میں شرکت کرتی رہی ہیں ، تعلیم مکمل کرنےکے بعد نو سال شعبہ تعلیم و تدریس سے منسلک رہیں۔

انہیں پاکستان سمیت دنیا بھر میں خوشبو کی شاعرہ کےنام سے بھی جانا جاتاہے ، پروین شاکر نے اردو غزل کی رومانوی کیفیت کو نسوانی آہنگ سے نوازا اور ان کی پہلی ہی کتاب خوشبو کو ایوارڈ سے نوازا گیا ۔

پروین شاکر کو حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس بھی ملا ۔ پروین شاکر 26 دسمبر 1994 کو اسلام آباد میں ایک ٹریفک حادثے میں جان کی بازی ہار گئی تھیں ۔ 

مگر ان کےالفاظ اور ان کا شاعری کا انداز ابھی تک ان کے چاہنے والوں کے دلوں میں موجود ہے ۔