پنجاب میں موسم سرما کی پہلی بارش سے دھند اور سموگ میں کمی

پنجاب میں موسم سرما کی پہلی بارش سے دھند اور سموگ میں کمی

لاہور: پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش سے دھند اور سموگ میں کمی آگئی ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں لاہور سمیت  لودھراں، کبیر والا، گوجرہ، جہانیاں اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت کی علاقوں میں بوندا باندی ہوئی ہے۔

دوسری جانب بلوچستان میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہونے کے بعد کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ کوئٹہ کے علاوہ مسلم باغ، کان مہتر زئی اور توبہ اچکزئی میں بھی بادل برس پڑے  جبکہ  زیارت اورگردونواح میں ہلکی برفباری ہوئی ہے۔بلوچستان کے شمالی حصوں میں بھی بارش ہوئی  جبکہ زیارت اور قلعہ سیف اللّٰہ میں پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔ برف باری  کے باعث ان علاقوں میں سیاحوں کا رش لگ چکا ہے جو کہ موسم سے خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔


  محکمہ موسمیات نے  بلوچستان میں برفباری اور بارش لانے والے اس سلسلے کے کراچی میں بھی اثرات نمودار ہونے کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ  آج کوئٹہ، قلات، زیارت، کوہلو، سبی، بارکھان، خضدار، ژوب، چمن، پشین اور نصیر آباد میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔