کورونا کے نئے ویرئینٹس کی نگرانی کیلئے ائیرپورٹس پر نگرانی بڑھا دی گئی

کورونا کے نئے ویرئینٹس کی نگرانی کیلئے ائیرپورٹس پر نگرانی بڑھا دی گئی

اسلام آباد: عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے نئے ویریئنٹس کی نگرانی کیلئے ائیر پورٹس اور ملکی انٹری پوائنٹس پر نگرانی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے اجلاس میں نئے ویریئنٹس سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان کی 90 فیصد آبادی کو کورونا ویکسین لگ چکی ہے، لوگ محفوظ ہیں، کورونا وائرس کے نئے سب ویریئنٹ BF.7 اور دیگر سے کوئی بڑی لہر نہیں آئے گی۔ 
اجلاس کے شرکاءکو بتایا گیا کہ نئے ویریئنٹ سے متاثرہ افراد سے متعلق ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز، آکسیجن سپلائی اور اینٹی وائرل ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے جبکہ کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹس کی نگرانی کیلئے ائیر پورٹس اور ملکی انٹری پوائنٹس پر نگرانی بھی بڑھا دی گئی ہے۔ 
ذرائع کے مطابق پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر شازیہ سومرو کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پرکورونا کے حوالے سے افراتفری پھیلائی جارہی ہے اور تشویش کی کوئی بات نہیں کیونکہ 90 فیصد سے زائد عوام کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوا چکے ہیں۔
دوسری جانب این آئی ایچ حکام کے مطابق 24 گھنٹے میں ملک بھر میں کورونا کے 18 کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور مثبت کیسز کی شرح 0.53 فیصد رہی، 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

مصنف کے بارے میں