'دہشت گردوں کو نہیں چھوڑیں گے، پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرائیں گے'

 'دہشت گردوں کو نہیں چھوڑیں گے، پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرائیں گے'

لاہور: وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت پنجاب ایپکس کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔ اجلاس میں آپریشن ردالفساد ، سکیورٹی امور کے علاوہ لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل فائنل کے حوالے سے سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سکیورٹی امور کے حوالے سے متعلقہ اداروں نے بھی اپنی رپورٹس پیش کیں اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ فائنل میچ کے دوران میچ دیکھنے کیلئے آنے والے تماشائیوں کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ تاہم لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کے انعقاد بارے حتمی فیصلہ وزیر اعظم ہی کریں گے۔

اجلاس میں مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ ، کور کمانڈر لاہور اور دیگرحکام شریک ہیں۔

اس سے پہلے وزیراعلیٰ پنجاب سے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے ملاقات کی جس میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور، سیکیورٹی معاملات اور آپریشن ردالفساد کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے افسران اور جوانوں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جراٗت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ پاک افواج اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیاں سمیٹی ہیں اور حال ہی میں شروع کیا گیا آپریشن ردالفسار ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کرے گا۔ ان کا کہنا تھا دہشت گردوں کو نہیں چھوڑیں گے اور پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرائیں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں