آسکر ایوارڈ یافتہ , 6 بہترین ہدایتکاروں کی امریکا اور مغربی ملکوں پر کڑی نکتہ چینی

آسکر ایوارڈ یافتہ , 6 بہترین ہدایتکاروں کی امریکا اور مغربی ملکوں پر کڑی نکتہ چینی

تہران : آسکر ایوارڈ یافتہ دنیا کے 6 بہترین ہدایتکاروں نے، امریکا اور مغربی ملکوں میں چھائے ہوئے فسطائی نظام پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران کے اصغر فرہادی، ڈنمارک کے مارٹن زینڈولٹ، سوئیڈن کے ہینس ہولم، جرمنی کی مارن ایڈہ اور آسٹریلیا کے مارٹن بٹلر اور بینٹلے ڈین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ امریکی سیاستداں، جنس، رنگ و نسل اورمذہب کے نام پر تفریق پھیلا کر ملک میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کر رہے ہیں جو قابل مذمت ہے۔
فلم ساز اصغر فرہادی پہلے ہی، ایران سمیت سات مسلمان ملکوں کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر عائد پابندی پر احتجاج کرتے ہوئے آسکر ایوارڈ کی تقریب کے بائیکاٹ کا اعلان کرچکے ہیں۔اصغر فرہادی نے، جن کی فلم سیلز مین، اس سال بھی آسکر کے لیے نامزد ہوئی ہے، کہا ہے کہ جو بھی یہ ایوارڈ حاصل کرے گا اس کا نام اتحاد اور بھائی چارے کے قیام کی کوشش کرنے والوں میں لکھا جائے گا۔