طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت 6 مارچ تک ملتوی

طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت 6 مارچ تک ملتوی

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کےخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ان کے وکیل کی رخصت کے باعث 6 مارچ تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں جسٹس مقبول باقر اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران طلال چوہدری عدالت میں بغیر وکیل کے پیش ہوئے۔ جسٹس اعجاز افضل نے طلال چوہدری سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے جواب جمع کروا دیا ہے۔ طلال چوہدری نے جواب دیا کہ جی سر میں نے جواب جمع کروا دیا ہے۔

جسٹس اعجاز افضل نے استفسار کیا کہ آپ کی کیس میں نمائندگی کون کر رہا ہے جس پر طلال چوہدری نے جواب دیا کہ میرے وکیل کی التواء کی درخواست ہے ان کی عدالتی چھٹیاں 5 مارچ تک ہیں جس کے بعد وہ آئیں گے۔

سماعت کے بعد عدالت عظمیٰ نے طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت 6 مارچ تک کے لیے ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ یکم فروری کو عدلیہ مخالف تقریر پر آرٹیکل 184 (3) کے تحت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں