پنجاب سول سیکرٹریٹ میں 2 روز کے احتجاج کے بعد دفتری سرگرمیاں بحال

 پنجاب سول سیکرٹریٹ میں 2 روز کے احتجاج کے بعد دفتری سرگرمیاں بحال

لاہور: آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں احد چیمہ کی گرفتاری پر پنجاب سول سیکرٹریٹ میں دو روز تک احتجاج جاری رہنے کے بعد دفتری سرگرمیاں بحال ہو گئیں۔

سابق ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی احد چیمہ کو نیب نے گزشتہ دنوں گرفتار کیا تھا جس پر پنجاب کی سول بیوروکریسی نے احتجاج کیا اور قلم چھوڑ ہڑتال کی دھمکی دی تھی تاہم بعد میں بیوروکریسی دو حصوں میں تقسیم ہو گئی۔ ڈی ایم جی آفیسرز کے احتجاج میں صوبائی سروس کے آفیسرز شریک نہیں تھے۔

سرکاری افسران نے چیف سیکریٹری کی یقین دہانی پر فرائض سنبھال لیے ہیں جس کے بعد پنجاب سول سیکرٹریٹ لاہور میں دفتری معمولات بحال ہو گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سیکرٹری اسلام آباد میٹنگ میں جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری دفتر میں ہیں اور دیگر افسران نے بھی اپنے دفاتر پہنچ کر ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں