قطر ایئرویز کے نئے طیارے کی خصوصیات جان کر حیران رہ جائیں گے

 قطر ایئرویز کے نئے طیارے کی خصوصیات جان کر حیران رہ جائیں گے

اسلام آباد: فضائی کمپنی قطر ایئرویز نے ایسا ’عجوبہ‘ جہاز تیار کر لیا ہے کہ سفر جتنا بھی طویل ہو مسافروں کو کبھی تھکن نہیں ہو گی۔

میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق قطر ایئرویز کے لیے یہ نیا طیارہ ایئربس نے تیار کیا ہے جس کا نام اے ’1000-350‘ہے۔ اس طیارے میں رنگ برنگی ایل ای ڈی روشنیوں کا ایک نظام اور ایسے ایئرفلٹرز نصب کیے گئے ہیں جو مسافروں کو تھکن کا احساس نہیں ہونے دیں گے۔یہ ہاسپٹل گریڈ ایئرفلٹر ہر دو سے تین منٹ بعد کیبن کے اندر کی ہوا کو تبدیل کر دیا کریں گے۔

اس کے علاوہ طیارے کے کیبن کی بلندی بھی تمام طیاروں سے کم رکھی گئی ہے جو 6ہزار فٹ ہے۔اس کی تمام سیٹیں ونڈوز کی سیدھ میں لگائی گئی ہیں اور ونڈوسیٹ پر بیٹھنے والا ہر مسافر باآسانی بیرونی مناظر سے لطف اندوز ہو سکے گا۔ اس کے علاوہ اس میں نئے ’کیو سوٹ‘ بھی بنائے گئے ہیں۔ یہ ایسی سیٹیں ہیں جنہیں مسافر بوقت ضرورت کیبن کی شکل میں بھی ڈھال سکتے ہیں جس سے یہ ڈبل بیڈ بن جائے گا اور اس کے چاروں طرف دیوار کھڑی ہو جائے گی جس سے مسافر ساتھی مسافروں کی نظروں سے اوجھل ہو کر بہترین طریقے سے آرام کر سکیں گے۔

ایئربس کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس طیارے کی اکانومی کلاس میں بھی مسافروں کو بیٹھنے کے لیے زیادہ جگہ میسر ہو گی اور اس میں بھی ہر ونڈو سیٹ کھڑکی کی بالکل سیدھ میں نصب کی گئی ہے۔قطر ایئرویز گروپ کے چیف ایگزیکٹو اکبر البکر کا کہنا تھا کہ ”قطر ایئرویز ہمیشہ اپنے کسٹمر کو بہتر سے بہتر سہولت فراہم کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قطر ایئرویز دنیا کی پہلی فضائی کمپنی ہے جس نے A350-1000طیارے کو اپنے بیڑے میں شامل کیا ہے۔“