سام سنگ گلیکسی S9 اور گلیکسی S9پلس دنیا کے سامنے پیش کر دیا گیا

سام سنگ گلیکسی S9 اور گلیکسی S9پلس دنیا کے سامنے پیش کر دیا گیا

بارسلونا : مایہ ناز جنوبی کورین کمپنی سام سنگ نے آخر کار اپنے نئے شاہکار گلیکسی S9 اور گلیکسی S9+ فلیگ شپ سمارٹ فون دنیا کے سامنے پیش کر دیے۔ کمپنی کے مطابق گلیکسی S9 کی قیمت 1,047 ڈالرز (ایک لاکھ 15 ہزار 913 پاکستانی روپے) ہو گی جبکہ S9+ کی قیمت 1,170 ڈالرز (ایک لاکھ 29 ہزار 530 پاکستانی روپے ) ہو گی۔


بارسلونا میں ہونے والی موبائل ورلڈ کانفرنس میں خصوصی ”ان پیکڈ“ تقریب کے دوران سام سنگ نے نئے سمارٹ فونز متعارف کرائے جن میں گزشتہ سال متعارف کرائے گئے S8 کے کئی فیچرز شامل ہیں لیکن کئی معاملات میں بہت زیادہ بہتری پیدا کی گئی ہے۔سب سے بڑی تبدیلی کیمرے میں کی گئی ہے جس میں ’سپر سلو موشن‘ موڈ شامل کیا گیا ہے جو ویڈیوز کو 960 فریمز پر سیکنڈز پر ریکارڈ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سام سنگ کے مطابق 2017ءمیں 1.2 ٹریلین تصاویر لی گئیں جس سے یہ صاف ظاہر ہے کہ کیمرہ سمارٹ فون کا سب سے لازمی فیچر بن چکا ہے۔گلیکسی S9 اور S9+ میں 12 میگاپکسل رئیر کیمرہ ہے جبکہ فرنٹ پر 8 میگاپکسل کیمرہ دیا گیا ہے اور اس میں ’آگمنٹڈ ریالٹی ایموجیز‘ بھی شامل کئے گئے ہیں جنہیں آپ اپنے چہرے کا 3D کارٹون ورژن کہہ سکتے ہیں جو 18 اداوں کی نقل کر سکتا ہے۔ یہ فیچر ایپل میں شامل ’فیس ایموجیز‘ کی طرح کی ہے جس کے ذریعے آپ چھوٹے چھوٹے کلپ بنا کر فیس بک اور واٹس ایپ کے ذریعے شیئر کر سکیں گے۔

اس کے علاوہ سام سنگ کے ورچوئل اسٹنٹ ’بگزبی‘ اور کیمرے کو استعمال کرتے ہوئے مختلف زبانوں کا انگلش میں ترجمہ بھی کیا جا سکتا ہے جبکہ بگزبی ویڑن فیچر کے ذریعے کھانے میں شامل کیلوریز کا پتہ لگانے کے علاوہ پلیٹ میں موجود کھانے کو صرف کیمرہ کی آنکھ سے دیکھنے پر ہی آس پاس موجود ایسے دیگر ریسٹورنٹس کی معلومات بھی مل جائیں گی جہاں اس سے ملتی جلتی چیزیں موجود ہوں۔ ہارڈوئیر کی بات کی جائے تو سام سانگ نے اس ضمن میں سب سے بڑی تبدیلی فنگرپرنٹ سینسر میں کی ہے جس کا صارفین کافی عرصے سے مطالبہ کر رہے تھے۔ پہلے یہ فنگر پرنٹ سکینر کیمرے کے ساتھ دیا گیا تھا لیکن اب اسے کیمرے کے نیچے لگایا گیا ہے جس کے باعث اس کا استعمال اور بھی زیادہ آسان ہو گیا ہے۔دونوں سمارٹ فونز میں سام سنگ کا ’زائزوز 9810‘ پراسیسر لگایا گیا ہے جبکہ کچھ ممالک میں یہ سنیپ ڈریگون 845 پراسیسر کیساتھ بھی فروخت کیا جائے گا۔ گلیکسی ِS9 میں 4 جی بی ریم دی گئی ہے جبکہ گلیکسی S9 Plus کی ریم 6 جی بی ہے اور اسی طرح S9 کی سکرین 5.8 انچ جبکہ S9+ کی سکرین 6.2 انچ ہے۔ دونوں میں کواڈ ایچ ڈی پلس دیا گیا ہے جس کی ریزولوشن 2960*1440 ہے۔


گلیکسی S9 کا سکرین سائز اور ریم کم ہونے کی وجہ سے اس میں بیٹری بھی 3000 ایم اے ایچ دی گئی ہے جبکہ S9+ کی بیٹری 3500 ایم ایچ اے ہے۔ گلیکسی S9 کا ناصرف بیٹری سائز کم ہے بلکہ یہ 64 جی بی سٹوریج کے ساتھ دستیاب ہو گا جبکہ اس کے مقابلے میں S9+ کو 128 جی بی سٹوریج کیساتھ فروخت کیلئے پیش کیا جائے گیا لیکن دونوں میں میموری کارڈ کے ذریعے 400 جی بی تک سٹوریج میں اضافہ کیا جا سکے گا۔


سام سنگ صارفین کیلئے سب سے زیادہ خوشی کی بات یہ ہے کہ سام سنگ نے گلیکسی S9 اور گلیکسی S9 Plus میں بھی 3.5 ملی میٹر کا ہیڈ فون جیک ختم نہیں کیا حالانکہ ایپل اور گوگل اس جیک کو ختم کر کے صرف یو ایس بی ٹائپ سی جیک دے چکے ہیں جس پر صارفین کی جانب سے کڑی تنقید بھی کی جاتی ہے۔S9 میں چارجنگ یو ایس بی سی کیبل کے ذریعے ہو گی لیکن وائرلیس چارجنگ کی سہولت بھی دی گئی ہے اور اس مقصد کیلئے ایک نیا ڈاک بھی بنایا گیا ہے جسے سمارٹ فون کے علاوہ خریدنا ہو گا۔ سام سنگ نے نئے سمارٹ فونز متعارف کراتے ہی ایڈوانس بکنگ بھی جاری کر دی ہے اور 16 مارچ کو ان کی فروخت بھی شروع کر دی جائے گی۔


۔۔۔