وزیراعظم کی پاک فوج اور عوام کو تیار رہنے کی ہدایت

وزیراعظم کی پاک فوج اور عوام کو تیار رہنے کی ہدایت
کیپشن: پاکستان اپنی مرضی کے مقام اور وقت پر بھارت کو جواب دے گا۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: قومی سلامتی کمیٹی نے دہشت گردی کے مبینہ کمیپ پر بھارتی حملے کا دعویٰ مسترد کر دیا۔ پاکستان نے بھارتی جارجیت کا جواب دینے کا فیصلہ کر لیا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان اپنی مرضی کے مقام اور وقت پر بھارت کو جواب دے گا۔وزیراعظم عمران خان نے پاک فوج اور عوام کو تیار رہنے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مبینہ دہشتگرد کیمپ کو ٹارگٹ کرنے کا بھارتی دعویٰ مسترد کرتے ہیں۔ بھارتی حکومت نے ایک بار پھر جھوٹا دعویٰ کیا اور یہ اقدام بھارت میں انتخابی ماحول کیلئے کیا گیا۔

سیکیورٹی حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ زمینی اور فضائی سرحدی نگرانی کا مضبوط میکنزم موجود ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں بھارتی فضائی دراندازی کا معاملہ فوری طور پر عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت پاکستان یہ معاملہ او آئی سی، دوست ممالک اور اقوام متحدہ میں فوری طور پر اٹھائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی معاملے کو عالمی سطح پر اٹھانے کے لیے رابطے کریں گے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کے لیے مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا۔