بھارتی اقدام جارحیت ہے، پاکستان جواب دے گا، وزیر خارجہ

 بھارتی اقدام جارحیت ہے، پاکستان جواب دے گا، وزیر خارجہ
کیپشن: پاکستان وقت اور جگہ کا انتخاب کر کے جوابی کارروائی کرے گا، وزیر خارجہ۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا تھا قومی سلامتی کمیٹی نے بالاکوٹ کے نزدیک مبینہ دہشت گرد کیمپ کو ٹارگٹ کرنے کا بھارتی دعویٰ مسترد کیا جبکہ کمیٹی نے بھارت کا بالاکوٹ میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا دعویٰ بھی مسترد کیا۔ وزیراعظم نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا خصوصی اجلاس 27 فروری کو طلب کر لیا ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ فیصلہ کیا گیا پاکستان وقت اور جگہ کا انتخاب کر کے جوابی کارروائی کرے گا جبکہ قوم کو اعتماد میں لینے کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا وزیر دفاع، وزیر خزانہ اور وزیر خارجہ کی 3 رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے۔ کمیٹی پاکستان کی سیاسی قیادت کو صورتحال پر اعتماد میں لے کرمشاورت کرے گی۔ پاکستان میں عالمی میڈیا کو موقع پر لے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ہیلی کاپٹر کھڑے ہیں موسم درست رہا تو عالمی میڈیا کو موقع پر لے جایا جائے گا۔