پاکستانی حدود کی دراندازی، دونوں ممالک صورتحال معمول پر لائیں، چین

پاکستانی حدود کی دراندازی، دونوں ممالک صورتحال معمول پر لائیں، چین
کیپشن: موجودہ صورتحال پر دونوں ممالک کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے، چین۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

بیجنگ: چین نے بھارت کی پاکستانی حدود میں دراندازی پر دونوں ممالک کو صورتحال معمول پر لانے پر زور دیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کینگ نے میڈیا بریفنگ کے دوران بھارتی طیاروں کی پاکستانی حدود میں دخل اندازی اور اس کے جواب میں پاکستان فضائیہ کی فوری کارروائی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر دونوں ممالک کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کا کہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ بھارت اور پاکستان وہ اقدامات کریں گے جس سے خطے میں استحکام اور دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔

خیال رہے گزشتہ رات بھارتی ایئر فورس کے طیارے رات گئے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہوئے اور اس حوالے سے ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بھارتی طیاروں نے مظفر آباد سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی اور طیارے آزاد جموں و کشمیر میں تین سے چار میل تک داخل ہوئے۔

ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ کے بروقت اور مؤثر جواب کے باعث بدحواس بھارتی طیارے اپنے پے لوڈ بالاکوٹ کے قریب گرا کر فرار ہو گئے۔