ملک میں کل سے ہفتہ تک بارشوں کی پیش گوئی

ملک میں کل سے ہفتہ تک بارشوں کی پیش گوئی
کیپشن: مغربی ہواؤں کا سلسلہ جمعرات کی شام کو ملک میں داخل ہو گا، محکمہ موسمیات۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: محکمہ موسمیات نےجمعرات سے ہفتے کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہوائیں اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے۔بارش سے راولپنڈی میں جمعے اور ہفتے کو پی ایس ایل میچز بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ جمعرات کی شام کو ملک میں داخل ہو گا جس سے جمعہ اورہفتہ کو اسلام آباد ، راولپنڈی ، جہلم اور سرگودھا میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ہے۔ ان ہی دنوں میں پشاور، چترال، سوات، دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، چارسدہ، صوابی، مردان اور کوہاٹ میں بھی بارش ہوگی جبکہ بنوں، ڈی آئی خان میں چند مقامات پر ژالہ باری کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ میانوالی ، خوشاب ، فیصل آباد ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، ساہیوال، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

جمعے کو ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور اور بہاولنگر میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی، اسی طرح کوئٹہ، پشین، ژوب، چمن اور قلعہ سیف اللہ میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، تاہم جمعرات سے ہفتے تک سندھ میں موسم خشک رہے گا، لیکن سکھر، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔