نواز ضمانت میں توسیع نہ کرنا پنجاب حکومت کا احسن قدم ہے، فواد چوہدری

نواز ضمانت میں توسیع نہ کرنا پنجاب حکومت کا احسن قدم ہے، فواد چوہدری
کیپشن: یہ تعین کرنا ضروری ہے کہ کیا نواز شریف کی رپورٹس جعلسازی سے تیار کرائی گئی تھیں، فواد چوہدری۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ‏نواز شریف کی ضمانت میں توسیع نہ کرنے کا پنجاب حکومت کا فیصلہ احسن قدم ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ اب یہ تعین کرنا ضروری ہے کہ کیا نواز شریف کی رپورٹس جعلسازی سے تیار کرائی گئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل رپورٹس جعلی ہونے کی صورت میں اس میں کون کون ملوث ہے اور اس معاملے میں آزاد کمیشن بٹھانا ہو گا۔دوسری جانب مسلم لیگ نون کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ حکومت کا اعتراض بے بنیاد ہے کہ نواز شریف بیمار نہیں ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی بیماری پر بھی گھٹیا پراپیگنڈا کیا گیا تھا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ حکومت صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کر رہی ہے اور نواز شریف کے باہر جانے کا فیصلہ عدالت نے کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عدالت نے فیصلے میں کہا تھا کہ ضمانت میں توسیع کے لیے پنجاب حکومت سے رجوع کیا جائے گا۔

رانا ثنا نے بتایا کہ ن لیگ کے قائد نواز شریف کے دل کے آپریشن کے غرض سے پارٹی صدر شہباز شریف لندن میں موجود ہیں۔