پاک بھارت جنگ بندی اعلامیہ، اقوام متحدہ نے دوسروں کیلئے مثال قرار دیدیا  

Pak-India ceasefire declaration, UN sets an example for others
کیپشن: فائل فوٹو

نیویارک: اقوام متحدہ نے پاک انڈیا ڈی اجی ایم اوز کے درمیان رابطے کے بعد طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کو دوسروں کیلئے مثال قرار دیدیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیریس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر معاہدہ ناصرف دوسروں کیلئے مثال جبکہ خطے کیلئے انتہائی مثبت پیشرفت ہے۔

سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیریس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کی جانب سے یہ اقدام انتہائی حوصلہ افزا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اس معاہدے سے جنگ بندی سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے گفتگو کی راہ ہموار ہوگی۔

اقوام متحدہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیریس کو پاک بھارت تعلقات کی بحالی میں پیشرفت سے بہت حوصلہ افزائی ملی ہے، ان کو قوی امید ہے کہ دونوں ممالک سیز فائر معاہدے پر من وع عمل کریں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان گزشتہ روز ایک اہم معاہدہ طے پایا ہے۔ اس کے تحت دونوں ممالک کی فوجیں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کریں گی جبکہ باہمی مسائل کو مل جل کر حل کرنے کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

اس سے قبل امریکا نے بھی پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کے درمیان ہونے والے رابطے کو خطے میں کشیدگی میں کمی کیلئے انتہائی مثبت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام انتہائی خوش آئند ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تلخی کا خاتمہ ہوگا اور بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا۔