پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی عبرتناک شکست، 2 سال مکمل ہو گئے

2019 Balakot airstrike, Military conflict, India, Pakistan
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: دو سال قبل بھارت نے آج ہی کے روز 26 فروری کو پاکستان کے علاقے بالاکوٹ میں سرجیکل سٹرائیک کا جھوٹا دعویٰ کرتے ہوئے سیاسی طور پر فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست نے اسے پوری دنیا کے سامنے رسوا کر دیا تھا۔

خیال رہے کہ ہندوستان کی افواج نے 26 فروری 2019ء کو پاکستان کے علاقے بالا کوٹ میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر سرجیکل سٹرائیک کرنے کا جھوٹا دعویٰ کرکے دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی تھی لیکن جب پاکستانی اور عالمی میڈیا علاقے میں پہنچا تو وہاں صرف چند درخت گرے پڑے ملے اور ایک ''کوا'' ہلاک حالت میں ملا۔

اس جھوٹے سرجیکل سٹرائیک کا آنکھوں دیکھا حال کیمروں کی نظر سے دنیا نے دیکھا تو بھارت شدید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔

اسی شرمندگی کو چھپانے کیلئے بھارت نے ایک اور بڑی غلطی کرتے ہوئے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی تو اسے پاک فضائیہ کے دلیر سپوتوں نے ناکوں چنے چبوا دیئے، 27 فروری 2019ء کا دن دنیا کی تاریخ میں بھارتی ہزیمت کے نام سے درج ہو چکا ہے۔

انڈین طیاروں نے جیسے ہی پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی تو پاکستانی فضائیہ کے شاہینوں نے انھیں دبوچ لیا اور ایسے شکنجے میں جکڑا کہ انھیں بھاگنے کا موقع نہیں ملا۔

پاک فضائیہ کے دلیر سپوتوں نے ایک بھارتی طیارے کو مار گرایا اور اس میں موجود پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن کو گرفتار کرکے اس کی ایسی دیکھ بھال کی کہ اس کی مثال پوری جنگی تاریخ میں نہیں ملتی۔

وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں اعلان کیا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا حامی اور اپنے ہمسایوں کیساتھ برادرانہ تعلقات کا حامی رہا ہے لیکن دوسری جانب بھارت نے ہمیشہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کیں۔

وزیراعظم نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان نے کسی کے دباؤ میں آئے بغیر بھارتی ونگ کمانڈر ابھینندن کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس کے بعد فوری طور پر بھارتی ونگ کمانڈر ابھینندن کو واہگہ بارڈر پر پورے اعزاز کیساتھ بھارتی فوج کے حوالے کر دیا گیا۔ پاکستان کے اس اقدام کی پوری دنیا نے ستائش کی۔