چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سے عراقی وزیر دفاع کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سے عراقی وزیر دفاع کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
کیپشن: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سے عراقی وزیر دفاع کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
سورس: فوٹو/بشکریہ آئی ایس پی آر

راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے پاکستان کے دورے پر آئے عراقی وزیر دفاع جمعہ عناد نے ملاقات کی جس میں اہم امور پر گفتگو کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی جبکہ دفاعی شعبہ میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر بین الاقوامی امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔ عراقی وزیر دفاع نے پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ اس سے قبل معزز مہمان جنرل ندیم رضا سے ملاقات کیلئے پہنچے تو تینوں مسلح افواج کے دستوں نے انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے عراق کے وزیر دفاع جمعہ عناد سعدون خطاب الجبوری نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کے مسائل اور دو طرفہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے اقدامات پر بات چیت کی۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہاپاکستان عراق کیساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراقی قوم کی قربانیوں کا اعتراف کرتا ہے۔

انہوں نے عراقی وزیر دفاع کو تمام دفاعی شعبوں میں ہرممکن معاونت اور تعاون کی پیش کش بھی کی۔ دونوں نے خطے کی سلامتی اور استحکام کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہارکیا۔ معزز مہمان نے خطے کے امن واستحکام کیلئے پاکستان کی جاری کوششوں کی تعریف بھی کی۔