پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے سے متعلق چیئرمین اوگرا سے جواب طلب

پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے سے متعلق چیئرمین اوگرا سے جواب طلب
کیپشن: پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے سے متعلق چیئرمین اوگرا سے جواب طلب
سورس: فائل فوٹو

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے سے متعلق درخواست پر چیئرمین اوگرا سے جواب طلب کر لیا۔جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس امجد علی سہتو پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو پاسبان کی پیٹرولیم مصنوعات کی نرخ میں اضافے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ پاسبان کے وکیل عرفان عزیز ایڈووکیٹ نے مؤقف دیا کہ وفاقی اداروں سے پوچھا جائے قیمتوں میں کس طرح اضافہ کیا جا رہا ہے؟ غیر قانونی طریقے سے بڑھائی گئی قیمتوں کو واپس لیا جائے، بار بار قیمتیں بڑھ رہی ہیں جن کا کوئی جواز نہیں۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے مؤقف دیا کہ وزرات خزانہ کا جواب آچکا، ان کا کہنا ہے کہ قیتمیں اوگرا طے کرتا ہے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل کے اس جواب پر عدالت نے چیئرمین اوگرا سے جواب طلب کرلیا اور ریمارکس دیئے کہ بتایا جائے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کس بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے آئندہ ماہ کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری اضافہ کرنے کی تجویز دے دی گئی ہے۔ پٹرول کی فی لٹر قیمت میں بیس روپے سات پیسے جبکہ ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں انیس روپے اکسٹھ پیسے اضافہ کرنے کا کہا گیا ہے۔