واٹس ایپ میں ویڈیو کال: اسکائپ اور فیس ٹائم کو پچھاڑ دے گا

واٹس ایپ میں ویڈیو کال: اسکائپ اور فیس ٹائم کو پچھاڑ دے گا

نیو یارک: واٹس ایپ نے اپنی سروس میں ویڈیو کالنگ فیچر کا بھی اضافہ کردیا ہے جس کے بعد یہ اسکائپ اور ایپل فیس ٹائم کےلئے سنجیدہ خطرہ بن سکتا ہے۔

اب تک واٹس ایپ میں تصاویر، ریکارڈ کی گئی ویڈیو اور آڈیو شیئر کرانے کی سہولت تو موجود تھی لیکن فوری رابطے کےلئے اس میں صرف وائس کال (آواز) کا فیچر ہی موجود تھا۔ ویڈیو کالنگ فیچر کے اضافے سے واٹس ایپ کو یقیناً چار چاند لگ گئے ہیں لیکن اسکائپ اور ایپل کارپوریشن کی ’’فیس ٹائم‘‘ ویڈیو کالنگ سروسز کےلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔

واضح رہے کہ واٹس ایپ کو چند سال پہلے فیس بُک نے خرید لیا تھا جس کے بعد اس میں وقفے وقفے سے مختلف فیچرز کا اضافہ کیا جارہا ہے تاکہ صارفین کی زیادہ سے زیادہ تعداد اس کی طرف متوجہ ہوسکے۔ ہر وہ ملک جہاں واٹس ایپ سے وائس کال ممکن ہے وہاں یہ ویڈیو کالنگ فیچر بھی کارآمد ہوگا۔

اسکائپ کی طرح واٹس ایپ کے ویڈیو کالنگ فیچر میں بھی کال کے دوران آپ نہ صرف اپنے مخاطب کو دیکھ سکیں گے بلکہ اسکرین کے ایک کونے میں آپ خود بھی نظر آرہے ہوں گے۔ یہ فیچر واٹس ایپ کے تمام ورژنز کےلئے متعارف کروایا گیا ہے۔یہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران واٹس ایپ کی جانب سے متعارف کروایا گیا دوسرا نیا فیچر ہے جبکہ گزشتہ ماہ (اکتوبر میں) ایک نئے فیچر کے تحت واٹس ایپ میں شیئر کی گئی تصاویر پر لکیریں کھینچنے اور ڈرائنگ بنانے کی سہولت کا اضافہ کیا گیا تھا۔