مریم نواز کی آف شور کمپنیوں کے حوالے سے جرمن اخبار کا ایک اور انکشاف

مریم نواز کی آف شور کمپنیوں کے حوالے سے جرمن اخبار کا ایک اور انکشاف

لاہور: پاناما لیکس کے معاملے پر جرمن اخبار کی جانب سے نئے سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔ دستاویز کی ایک نئی قسط جاری کر دی گئی۔ مریم نواز کی آف شور کمپنیوں کی جانب سے ڈائچے بنک سے لئے گئے قرضوں کی تفصیلات بھی منظرعام پر آ گئیں۔ جرمن اخبار کی جانب سے دستاویز کی یہ تیسری قسط ہے۔

نئی تفصیلات میں جرمن اخبار نے آف شور کمپنیوں کو مریم نواز ہی کی ملکیت بتایا ہے۔ دستاویز سے شریف خاندان کے لندن جائیدادوں اور آف شور کمپنیوں سے تعلق پر پھیلے شکوک و شبہات بالکل ختم ہو گئے ہیں اور ثابت ہو گیا کہ آف شور کمپنیوں کی مالک وزیر اعظم کی صاحبزادی ہیں۔

وزیراعظم یا انکے خاندان کی جانب سے جرمن اخبار کیخلاف ابھی تک کسی قسم کی کارروائی نہیں کی گئی۔ نیلسن اور نیسکول کے ڈائچے بنک سے معاملات کی تفصیلات کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے پاناما لیکس کا کیس اب لندن تک محدود نہیں رہے گا۔ پاناما کا معاملہ اب سوئٹزر لینڈ جائے گا۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ جرمن اخبار کی نئی دستاویز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کے تینوں بچوں نے قرضے لیے۔ ن لیگ کو مشورہ دیتا ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمانی اجلاس بلا کر نیا سربراہ منتخب کر لیں۔ آج قومی اسمبلی کا اجلاس ہے یہ ان کے لئے اچھا موقع ہے ورنہ عدالتی فیصلہ آ گیا تو یہ موقع بھی ہاتھ نہیں آئے گا۔