خطرناک امراض سے محفوظ زندگی کا قدرتی راز

خطرناک امراض سے محفوظ زندگی کا قدرتی راز

لاہور: ایک نئے تحقیقی مطالعے میں یہ بات ثامنے آئی ہے کہ پابندی کے ساتھ لال مرچ کا استعمال شرحِ اموات بالخصوص امراض قلب سے مربوط وجوہات کو 13% کم کر دیتا ہے۔

اگرچہ لال مرچ اور گرم مصالحوں کا استعمال مختلف امراض کے علاج کے لیے کئی دہائیوں سے جاری ہے تاہم امریکا کی ویرمونٹ یونی ورسٹی کی حالیہ تحقیق میں خطرناک امراض کے سبب اموات کی شرح میں کمی کے حوالے سے اس لال مرچ کے فائدے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

محققین نے 23 برس کے عرصے کے دوران 16 ہزار امریکیوں کی غذائی عادات کا جائزہ لیا۔ اس دوران 4946 افراد وفات پا گئے۔ اس سلسلے میں لال مرچ کھانے والے افراد میں اموات کی شرح 20.6 % رہی جب کہ اس کے مقابل جن لوگوں نے لال مرچ کا استعمال نہیں کیا ان میں اموات کی شرح 33.6 % یعنی 13% زیادہ رہی۔

تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ کھانے میں لال مرچ کا استعمال کرنے والے افراد دیکھنے میں اپنے اُن ہم عمر افراد سے کم عمر نظر آتے ہیں جن کے غذائی نظام میں لال مرچ شامل نہیں۔

محققین کا خیال ہے کہ Capsaicin نامی مادہ جو لال مرچ کا مرکزی عنصر ہوتا ہے یہ سرطانی امراض کے خلاف مزاحمت اور وزن کو کم کرنے میں مدد میں بڑا اور اہم کردار ادا کرتا ہے۔

مصنف کے بارے میں